لاہور (محمد قربان) گلوکارہ شاہدہ منی نے اپنی رہائش گاہ پر محرم الحرام کی مناسبت سے بارہ محرم کو مجلس عزاء اور نیاز کا اہتمام کیا۔ مجلس عزاء میں شوبز شخصیات نے شرکت کی ۔جن میں سینئر اداکار خالدعباس ڈار،ہدایتکار مسعود بٹ،صفدر ملک، اداکار محسن گیلانی، اچھی خان، شیری ننھا، طاہر سرور میر، ندیم پہلوان،طارق طافو،شاہد خان، کوریوگرافر پپو سمراٹ ،محسن جعفر ،امانت علی، فلمسٹار مدیحہ شاہ ،لیلیٰ ،دردانہ رحمنٰ،ٹمی رائے،شازیہ رائے اور دیگر شامل تھے۔
گلوکار شیر میانداد ،ایس ایم صادق ،انور رفیع ،چاند خان،فیضان علی خان، امجد حسین، عاطق حسین، شرافت علی نے نوحہ خوانی اور سوز و سلام پڑھا ۔محمد پرویز کلیم نے نقابت کے فرائض انجام دیئے۔علامہ آغا شمس رضا شمسی نے مصائب اہل بیت بیان کئے۔ عزاداروں نے ماتم داری کی مجلس کے اختتام پر شبیہ غازی عباس علمدار کا علم برآمد کیا گیا۔ گلوکارہ شاہدہ منی نے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ ہر سال شہداء کربلا کو پرسہ دینے کے لئے مجلس کا اہتمام کرتی ہوں۔محرم الحرام کا مہینہ ایثار، قربانی اور خدمت خلق کا پیغام دیتا ہے۔ حضرت امام حسین اور ان کے ساتھیوں نے دین اسلام کی سربلندی کے لئے قربانی کی۔