کامیڈی کنگ کپل شرما ایک بار پھر اپنی شاندار ٹیم کے ساتھ ناظرین کو ہنسانے کے لیے واپس آرہے ہیں۔
شو جلد ہی اپنے دوسرے سیزن کے ساتھ واپسی کرنے والا ہے۔ کپل شرما جلد شو کی شوٹنگ شروع کرنے والے ہیں۔
میڈیا رپورٹس کے مطابق کپل شرما اپنی ٹیم کے ساتھ 13 اگست سے ویب سیریز فیبولس لائیو آف بالی ووڈ وائبس کی اسٹار کاسٹ کے ساتھ نئے سیزن کی شوٹنگ شروع کرنے جا رہے ہیں۔
سونی ٹی وی پر طویل عرصے تک کام کرنے کے بعد کپل شرما اور ان کی ٹیم رواں برس کے شروع میں نیٹ فلکس چلی گئی تھی۔
اس پلیٹ فارم پر بھی شائقین نے شو کو بہت پیار دیا لیکن انیوں نے محسوس کیا کہ شو میں کوئی نئی بات نہیں۔ اسی لیے کپل شرما شو کا دوسرا سیزن لے کر آرہے ہیں۔
شائقین کے منفی ردعمل کی وجہ سے یہ افواہ پھیلی تھی کہ شو کو پلیٹ فارم سے ہٹا دیا گیا ہے، لیکن ٹیم نے تصدیق کی کہ شو کو صرف 13 اقساط کے لیے رکھا گیا تھا۔ اب جلد ہی نیا سیزن لانچ کیا جائے گا۔
شو اس لیے بھی خبروں میں رہا کیونکہ اس میں سنیل گروور اور کپل شرما کو 7 سال بعد ایک ساتھ دیکھا گیا۔ آسٹریلیا کے دورے سے بھارت واپس آتے ہوئے فلائٹ میں دونوں فنکاروں کے درمیان مبینہ طور پر جھگڑا ہوا تھا۔
دی گریٹ انڈین کپل شو میں کرشنا ابھیشیک، کیکو شاردا، ارچنا پورن سنگھ اور راجیو ٹھاکر شامل ہوں گے۔ پہلے سیزن میں بہت سے نامور شوبز اور اسپورٹس اسٹار شو میں آئے تھے، اب دیکھنا ہوگا کہ کپل شرما کن مہمانوں کے ساتھ شو کی میزبانی کریں گے۔