26

لندن میں نویں ہم ایوارڈز کے جشن کی تیاری

لاہور (محمد قربان) لندن کی عوام ستاروں سے بھری ایک پرجوش شام کے استقبال کیلئے تیار ہوجائیں کیونکہ پاکستان کا سب سے بڑا ٹیلی ویژن انٹرٹینمنٹ ایوارڈ شو ”ہم ایوارڈز“ (برائے سال 2022اور سال2023) 28 ستمبر 2024 کو لندن کے مشہور OVOارینا ویمبلے میں منعقد کیا جارہا ہے جس میں پاکستان کے مایہ ناز فنکاروں اور باصلاحیت اداکاروں کی شاندار پرفارمنس پیش کی جائے گی۔ہم ایوارڈز یہ تقریب جنوبی ایشیا کے تفریحی منظر نامے کی اہم اور پرکشش تقریبات میں سے ایک ہے کیونکہ ہم ٹی وی کے سیریلز اوران سے وابستہ اداکار خطے اور دنیا بھر میں اردو بولنے اور سمجھنے والے حلقوں میں بے پناہ مقبول ہیں۔
دنیا بھر میں اپنے شاندار کانٹینٹ‘دلچسپ ڈراموں اور تقریبات کے حوالے سے مشہور ہم ٹی وی کی جانب سے نویں ہم ایوارڈز کی تاریخوں کے اعلان کے بعد دنیا بھر کے شائقین شاندار پرفارمنس‘ دل کش لمحات اور دلچسپ مناظر سے بھرپور ایوارڈز کے بے چینی سے منتظر ہیں۔حسب روایت نویں ہم ایوارڈز میں موسیقی‘ رقص اور کامیڈی کے دلچسپ امتزاج کی توقع ہے‘ جس میں اپنے فنکاروں کی صلاحیت کا جشن منایا جائے گا۔
ہم نیٹ ورک لمیٹڈ کی چیف کانٹینٹ آفیسر میمونہ صدیقی نے متوقع ہم ایوارڈز پر تبصرہ کرتے ہوئے کہا “ہم اس سال ہم ایوارڈز کے لندن میں انعقاد اور ایوارڈز کی میزبانی کرنے پر بے حد خوش ہیں۔ یہ امتزاج اس ایونٹ کے وقار کو نئی بلندیوں تک لے جائے گا۔ہمیں اس بات کا اعزاز بھی حاصل ہے کہ آج تک بیرون ملک جہاں بھی یہ ایوارڈز منعقد ہوئے وہاں مقیم پاکستانی کمیونٹی نے نہایت جوش و خروش سے ہمارا خیرمقدم کیا اور ان کی بھرپور شرکت نے ہماری کامیابی میں کلیدی کردار ادا کیا‘ ہمیں لندن میں بھی اسی جوش و خروش اور محبت کی توقع ہے۔ نویں ہم ایوارڈز میں تفریح کے ہر عنصر‘فنکاروں کی شاندار پرفارمنس اور دلچسپ اداکاری پر خصوصی توجہ دی گئی ہے جس کی بنیاد پر ہمیں یقین ہے کہ ہم ایوارڈز کا یہ نواں ایڈیشن شرکاء اور ناظرین کیلئے ناقابل فراموش تجربہ تخلیق کرے گا۔”
صدر ہم نیٹ ورک سلطانہ صدیقی نے ایوارڈ کی تقریب کی اہمیت کو اجاگر کرتے ہوئے کہا “ہم ایوارڈز اپنے فن‘موسیقی اور سنیما کو دنیا کے سامنے پیش کرنے کیلئے ایک مثالی پلیٹ فارم ہے۔اس سال یہ ایوارڈز بالخصوصUK میں مقیم برٹش پاکستانی کمیونٹی کے سامنے پیش کئے جارہے ہیں جہاں ہم اپنی متنوع ثقافت کے رنگوں کو وسیع و عریض ناظرین تک بکھیر سکتے ہیں۔ہم ایوارڈز کے انعقاد کا مقصد نہ صرف پاکستانی تفریحی صنعت کا فروغ ہے بلکہ ان ایوارڈز کے ذریعے دنیا کے سامنے پاکستان اور اس کے عوام کا مثبت تاثر پیش کرنا بھی ہے۔ آج کی دنیا میں جہاں سرحدوں کی حد بندیاں معدوم ہورہی ہیں‘ہمارا ماننا ہے کہ تفریحی ثقافت رکاوٹوں کو توڑنے اور برادریوں کے درمیان پل کی تعمیر میں اہم کردار ادا کر سکتی ہے۔ ہم آپ کو گلیمر‘ جوش و خروش اور ثقافتی تبادلے سے بھرپور شام میں اپنے ساتھ شامل ہونے کی دعوت دیتے ہیں۔”
ایوارڈ کی تقریب کے حوالے سے بات کرتے ہوئیہم نیٹ ورک لمیٹڈ کے سی ای او درید قریشی نے کہا ” ہم ایوارڈز کے نویں ایڈیشن میں پاکستان کے نمایاں باصلاحیت فنکاروں‘ موسیقاروں اور اداکاروں کو پیش کیاجارہا ہے۔میں برطانیہ میں مقیم اپنے تمام دوستوں اور شراکت داروں کو اس اہم موقع پر اپنے ساتھ شامل ہونے کی خصوصی دعوت دیتا ہوں کیونکہ میں سمجھتا ہوں کہ یہ نہ صرف یکجا ہوکر اپنے مشترکہ ورثے کو اجاگر کرنے اورنئے روابط کو استوار کرنے کا ایک سنہری موقع ہوگا بلکہ غیر پاکستانی ناظرین کو پاکستانی تفریح کی روشن دنیا کو دریافت کرنے اور ہماری بھرپور ثقافت کی جھلک دیکھنے کا موقع بھی فراہم کرے گا۔”
ہم ایوارڈ2024میں مختلف کیٹیگریز کے فنکاروں اور تخلیق کاروں کی شاندار خدمات کو خراج تحسین پیش کیا جائے گا۔ کامیابیوں کے دو سالوں پر محیط ان ایوارڈز میں امسال شدید مقابلہ ہے جو صنعت کے اعلیٰ معیار اور تخلیقی صلاحیتوں کی عکاسی کرتا ہے۔
یاد رہے کہ ہم ایوارڈز پاکستانی تفریحی صنعت کا ایک ایسا مشہور و مقبول سلسلہ ہے جو کئی سالوں سے بیرونی ممالک میں منعقد ہورہا ہے۔ متحدہ عرب امارات‘کینیڈا اور امریکہ میں ایوارڈز کی تقریب کو ملنے والا زبردست ردعمل ہم نیٹ ورک کی غیر معمولی عالمی کامیابی اور ناظرین کی اس پسندیدگی کا مظہر ہے جس نے عالمی تفریحی منظر نامے پر پاکستانی ڈراموں اور فنکاروں کیلئے ایک اہم مقام حاصل کیا ہے۔ ہم ایوارڈز یہ شاندار تقریب نیٹ ورک کی پروڈکشنز سے وابستہ اداکاروں‘ گلوکاروں‘ مصنفین‘ہدایت کاروں اور پروڈیوسروں کی خدمات اور کامیابیوں کو تسلیم کرنے اور ان کے اعزاز میں منعقد کی جاتی ہے۔ تقریب میں ان تمام افراد کو خراج تحسین پیش کرنے کیلئے خصوصی سیگمنٹس بھی شامل کئے جاتے ہیں جو پاکستان کے تفریحی منظر نامے کی تشکیل میں اہم کردار ادا کرتے ہیں۔
نواں ہم ایوارڈ صرف ایک تقریب نہیں بلکہ پاکستانی تفریح صنعت کی طاقت‘ کشش اور کامیابی کی علامت ہے۔امسال اس ایوارڈز کے ذریعے گزشتہ دو سالوں کی قابل ذکر کامیابیوں کا جشن منایا جارہا ہے اور ہم ٹی وی کی جانب سے یوکے کی عوام کو دل کی گہرائیوں سے ایک پرجوش اور ثقافتی رنگوں سے بھرپور شام میں شرکت کی دعوت دی جارہی ہے۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں

اپنا تبصرہ بھیجیں