لاہور (محمد قربان) راولپنڈی آرٹس کونسل کے بورڈ آف منیجمنٹ کے ممبر کے عہدے سے ہٹائے جانے پر ڈرامہ رائٹر، ڈائریکٹر اور پروڈیوسر عاصمہ اسماعیل بٹ نے سخت ردعمل کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ مجھے اگر بورڈ کا ممبر بنایا گیا تھا تو میری کارکردگی کو دیکھتے ہوئے مجھے یہ عہدہ دیا گیا کیونکہ میں نے اپنے تیس سالہ کیرئیر میں فنکار برادری کے مسائل کے حل کے لئے بے لوث خدمت کی اور ان کی فلاح و بہبود میں بڑھ چڑھ کر حصہ لیا ۔ن لیگ کی ایک ایم پی اے جس کو راولپنڈی میں عوام نہیں جانتی اس کے ایماء پر اس طرح کے فیصلے کئے جارہے ہیں۔ اس ایم پی اے اور اس کے سہولت کار موجودہ پنجاب حکومت کو جس طرح ڈی ٹریک کررہے ہیں۔ان کے بارے میں میڈیا کو آگاہ کروں گی۔عاصمہ اسماعیل بٹ نے کہا کہ مجھے کسی عہدے کی ضرورت نہیں ہے ،میں نے ہمیشہ عہدے کے بغیر کام کرنے کو ترجیح دی ہے۔ ثقافتی اداروں میں سیاسی مداخلت قبول نہیں کی جائے گی۔ میرے فلاحی کاموں کو پاکستان سے باہر بھی سراہا جاتا ہے۔ ن لیگ کی حکومت کے آنے کے بعد توقع کی جارہی تھی کہ وہ فنکاروں کے بارے میں اچھے فیصلے کرےگی۔میری پارٹی سے وابستگی آج کی نہیں بچپن سے ہے۔ہمیشہ سے میاں نواز شریف کے ساتھ حق اور سچ کی آواز بنی ہوں ۔آئندہ بھی ان کے ساتھ کھڑی رہوں گی۔ایسے لوگ جن راستوں سے ان عہدوں پر پہنچتے ہیں ان کے خلاف ثبوتوں کے ساتھ جلد پریس کانفرنس میں بتاؤں گی۔
24