میوزک کمپنی ای ایم آئی کیجانب سے گلوکار غلام عباس کو 2 لاکھ روپے کا چیک پیش کردیا گیا

میوزک کمپنی ای ایم آئی کیجانب سے گلوکار غلام عباس کو 2 لاکھ روپے کا چیک پیش کردیا گیا

لاہور(محمد قربان) پرائیڈ آف پرفارمنس ایوارڈ یافتہ گلوکار غلام عباس نے وزیراعظم اور وزیر اعلیٰ پنجاب سے مطالبہ کیا ہے کہ اگر میرا جو حق بنتا ہے وہ مجھے دیا جائے۔ میری بیٹی نے لاء کی ڈگری کے ساتھ اعلیٰ تعلیم حاصل کی ہے اور اس کو سرکاری نوکری دی جائے۔غلام عباس نے میوزک کمپنی ای ایم آئی کی جانب سے عید کے موقع پر خیر سگالی کے طور پر 2لاکھ روپے کا چیک پیش کرنے کے موقع پر گفتگو کرتے ہوئے ای ایم آئی کے چیئرمین عمید ریاض کا شکریہ ادا کیا اور کہا کہ ان کی فنکار دوستی اور خلوص کے اظہار کیلئے الفاظ موجود نہیں ہیں۔بلاشبہ انہوں نے فنکاروں کو زندہ رکھنے میں اپنا بھرپور کردار ادا کیا ہے۔غلام عباس کہا کہ کوئی آئے نہ آئے آج میرے اپنے آگئے ہیں جن سے مجھے کافی حوصلہ ملا ہے۔ میں جلد صحتیاب ہوکر لاہور پریس کلب میں آواز کا جادو جگاؤں گا۔غلام عباس نے اس موقع پر اپنے مشہور نغمات سنائے۔تنویر آفریدی اور عاصمہ لتا نے ان کا ساتھ دیا۔

گلوکار تنویر آفریدی نے کہا کہ غلام عباس جیسے فنکار ہمارا ثقافتی اثاثہ ہیں۔ اللہ ان کو صحت اور تندرستی دے۔ہم ای ایم آئی اور نغمہ ساز کے پلیٹ فارم سے اپنی کاوشیں جاری رکھیں گے۔ہم غلام عباس بھائی کو اکیلا نہیں چھوڑیں گے۔ اس موقع پر ای ایم آئی کے نمائندے اور نغمہ ساز گروپ کے روح رواں گلوکار تنویر آفریدی،گلوکارہ عاصمہ لتا،نعیم وزیر،رضوان حمید،فیصل بوبی،سی جے ایف پی کے صدر طاہر بخاری ،سیکرٹری جنرل ٹھاکر لاہوری،اے آرگل اور دیگر موجود تھے۔یاد رہے پرائیڈ آف پرفارمنس ایوارڈ گلوکار غلام عباس آج کل علیل ہیں۔

Leave a Reply

Your email address will not be published. Required fields are marked *