لاہور (محمد قربان) پنجابی فلم گجر لاہوریا کے گانوں کی ریکارڈنگ بھٹی اسٹوڈیو میں کی گئی۔گلوکارہ نصیبو لال نے دو گانے ریکارڈ کرادئیے۔تفصیلات کے مطابق پنجابی فلم گجر لاہوریا کے دو گانے مون مارکیٹ میں واقع بھٹی اسٹوڈیو میں ریکارڈ کئے گئے۔اس موقع پرایک تقریب کا اہتمام کیا گیا۔ مہمان خصوصی پاکستان فلم پروڈیوسرز ایسوسی ایشن کے چیئرمین ذوالفقار علی مانا تھے۔فلمساز، ہدایتکار اور اداکار ظہیر عباس عرف ضدی رانا نے مہمانوں کو پھولوں کے ہار پہنائے۔ ظہیر عباس عرف ضدی رانا فلم میں مرکزی کردار ادا کریں گے۔شاعر الطاف باجوہ،موسیقار اشفاق علی،نوید حسین،ادریس بھٹی،خرم بھٹی،اچھی خان اور جیا بٹ بھی موجود تھیں۔
میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے نصیبو لال نے کہا کہ بڑی دیر بعد بھٹی اسٹوڈیو میں گانا ریکارڈ کرانے آئی ہوں۔گجر لاہوریا کے شاعر الطاف باجوہ اور موسیقار اشفاق علی ہیں۔میری دعا ہے کہ یہ فلم کامیاب ہو،مذید فلمیں بنتی رہیں اور پاکستان فلم انڈسٹری کی رونقیں بحال ہوں۔ الطاف باجوہ نے کہا کہ نصیبو لال کے گانوں سے فلم کا آغاز ہوگیا ہے ۔اس کی کہانی خود لکھ رہا ہوں۔جیسا کہ فلم کا نام ہے اسی طرح سے گانے لکھے ہیں۔ ظہیر عباس ضدی رانا نے کہا کہ کوشش ہے کہ ایسی فلم بناؤں جس کو ہماری مائیں بہنیں بھی دیکھ سکیں۔ فلم کا اسکرپٹ مکمل ہوتے ہی کاسٹنگ کی جائے گی۔ ذوالفقار علی مانا نے اپنی نیک تمناؤں کا اظہار کیا۔
پنجابی فلم “گجر لاہور یا” کے گانوں کی ریکارڈنگ
