39

اداکارہ نمرہ خان نے طلاق کی وجہ بتا دی

لاہور (محمد قربان) اداکارہ نمرہ خان نے پہلی بار طلاق اور شادی پر کھل کر بات کرتے ہوئے کہا ہے کہ وہ پہلے شوہر کو شادی سے قبل نہیں جانتی تھیں، اب جب بھی شادی کریں گی، سوچ سمجھ کر کریں گی، پہلے ہونے والے شریک حیات کو مکمل طرح جانیں گی۔
نمرہ خان کے شوہر راجا اعظم نے اگست 2021 میں طلاق کی تصدیق کی تھی۔ نمرہ خان اور راجا اعظم نے اگست 2020 میں سادگی سے شادی کی تھی لیکن بدقسمتی سے ان کی شادی ایک سال بھی نہ چل سکی۔
طلاق کے بعد نمرہ خان کچھ عرصے کے لیے شوبز سے دور ہوگئی تھیں، تاہم اب انہوں نے پہلی بار طلاق اور دوسری شادی کے معاملے پر کھل کر بات کی ہے۔نمرہ خان حال ہی میں ایک پوڈکاسٹ میں شریک ہوئیں، جہاں انہوں نے دوسری شادی کے حوالے سے بات کرتے ہوئے کہا کہ مرد حضرات یہ یاد رکھیں کہ طلاق یافتہ عورت سے شادی کرنا سنت نبوی ﷺ ہے۔
انہوں نے طلاق پر بات کرتے ہوئے کہا کہ وہ پہلے بھی بتا چکی ہیں کہ مردہ لڑکی سے طلاق یافتہ بہتر ہوتی ہے اور والدین کو بھی یہ باتیں سمجھنی چاہئیں کہ بچوں کی زندگی سب سے اہم اور قیمتی ہوتی ہے۔ اداکارہ کے مطابق معاشرے میں طلاق کو ایک داغ کی صورت میں دیکھا جاتا ہے لیکن طلاق کے بعد زندگی ختم نہیں ہوتی اور یہ کہ طلاق یافتہ شخص سے شادی کرنا سنت ہے۔ ایک سوال کے جواب میں انہوں نے واضح کیا کہ ان کی پہلی شادی گھر والوں کی رضامندی سے ہوئی تھی اور ان کی بھی یہی خواہش تھی کہ وہ والدین کی پسند سے شادی کریں۔
انہوں نے واضح کیا کہ وہ پہلے شوہر کو شادی سے قبل نہیں جانتی تھیں لیکن اب جب بھی وہ شادی کریں گی پہلے شوہر سے متعلق پوری معلومات لیں گی۔ نمرہ خان کا کہنا تھا کہ وہ بالکل دوسری شادی کریں گی اور عین ممکن ہے کہ وہ اگلی بار مذکورہ پوڈکاسٹ میں آتے وقت شادی کر چکی ہوں۔ اداکارہ نے بات کرتے ہوئے کہا کہ وہ فطری طور پر اچھے دل کی خاتون ہیں، انہیں برا بننا ہی نہیں آتا، وہ اپنے ساتھ برائی کرنے والوں کے ساتھ بھی اچھائی کرتی ہیں۔ نمرہ خان نے انکشاف کیا کہ ان کی جانب سے اچھائی کی عادت کی وجہ سے لوگ ان کا غلط فائدہ بھی اٹھاتے ہیں، انہیں استعمال بھی کرتے ہیں جب کہ ان کا غلط فائدہ اٹھایا گیا لیکن انہوں نے واضح نہیں کیا کہ کن افراد نے ان کا کس طرح کا غلط فائدہ اٹھایا؟

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں

اپنا تبصرہ بھیجیں