لاہور (محمد قربان) اداکارہ ارم چوہدری مانیٹرنگ آفیسر ڈپٹی ڈائریکٹر شیخو پورہ آرٹس کونسل افراز پر برس پڑیں، تفصیلات کے مطابق اداکارہ ارم چوہدری کوٹ عبد المالک میں واقع سنگم تھیٹر میں نئے شروع ہونے والے ڈرامہ میں پرفارم کرنے گئی۔ جہاں ڈرامہ سنسر میں چند منٹ تاخیر سے پہنچنے پر ڈپٹی ڈائریکٹر شیخو پورہ آرٹس کونسل اداکارہ پر برہم ہوگئے اور ان پر پابندی لگانے کی دھمکیاں دینے لگے۔ اداکارہ نے اسٹیج پر کھڑے ہوکر ناصرف معذرت کی بلکہ بتایا کہ تھیٹر کا راستہ معلوم نہ ہونے پر وہ تھوڑا آگے چلی گئی تھی جس کے بعد سنسر آفیسر نے ان کے کپڑوں پر تنقید کی اور کہا کہ آپ بیہودگی پھیلاتی ہیں۔ اداکارہ نے بتایا کہ میں اسی لباس میں گلستان تھیٹر میں پرفارم کر چکی ہوں جس پر ڈپٹی ڈائریکٹر طیش میں آگیا اور گلستان تھیٹر کو نہ صرف سیل کرنے کی دھمکی دی بلکہ اداکارہ کی سنسر دیکھنے سے بھی انکار کر دیا۔ اور اداکارہ کو ڈرامہ میں پرفارم کرنے سے منع کردیا۔ اداکارہ ارم چوہدری کا کہنا ہے کہ ایسے آفیسرز کے خلاف ادارے کو کارروائی کرنی چاہئیے جو دوسروں کے رزق سے کھیلتے ہیں.
42