لاہور (محمد قربان) راولپنڈی آرٹس کونسل میں جشن آزادی کی تقریب کو سیاست کی نذر ہونے سے سینیٹر ناصر بٹ نے بچا لیا۔ تقریب کے دوران آرٹس کونسل انتظامیہ اور فنکار برادری کے اختلافات سامنے آگئے۔ مسلم لیگ ن کے سینیٹر ناصر محمود بٹ کے آرٹس کونسل پہنچنے پر آرٹس کونسل کا ہال بند، فنکار برادری نے آرٹس کونسل کی پارکنگ میں جشن آزادی کی تقریب کا انتظام کر لیا۔پارکنگ ایریا میں اسٹیج بنا دیکھ کر سینیٹر ناصر محمود بٹ آرٹس کونسل انتظامیہ پر برہم ہوگئے۔فوری طور پر ہال کھلوا کر کیک کاٹنے کی تقریب ہال میں کرنے کی ہدایت کی تو آرٹس کونسل انتظامیہ نے فوری طور پر ہال کھول دیا۔ اس موقع پر میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے سینیٹر ناصر محمود بٹ نے کہا کہ فنکار برادری کے ساتھ ناروا سلوک کرنے والوں کے خلاف انکوائری کی جائے گی ۔ جشن آزادری کی تقریب پر آرٹس کونسل کے دروازے بند کرنے والا عہدیدار اپنے عہدے پر قائم نہیں رہے گا۔آرٹس کونسل فنکاروں کی ہے اور یہاں آنے سے کسی بھی فنکار کو روکا نہیں جاسکتا۔اگر میرے فنکاروں کو کوئی تکلیف ہوئی تو پھر یہاں ڈائریکٹر نہیں رہے گا۔میرے قائد میاں محمد نواز شریف نے ہمیشہ فنکاروں سے پیار کیا اور انہیں عزت دی ہے۔فنکار کسی ایک جماعت کا نہیں ہوتا، فنکار ملک کا ہوتا ہے۔ وہی اپنے ملک کی شناخت اور پہچان ہوتا ہے۔ ستمبر میں ہونے والی یہاں آپ کی تقریب میں بھی آؤں گا۔آپ اس کی بھی تیاری کریں۔ جشن آزادی کی تقریب کا انعقاد رائٹر ،ڈائریکٹر اور پروڈیوسر عاصمہ اسماعیل بٹ نے کیا تھا۔
18