لاہور (محمد قربان) لاہور میں ویڈیو لنک کے زریعے بھارتی پنجابی فلم “روز، روزی تے گلاب” کی پریس کانفرنس کا انعقاد کیا گیا۔ جس میں فلم ہدایتکار و مصنف سید نور، فلم ڈسٹری بیوٹر عابد شیخ، گلوکار خالد بیگ، اور ماڈل جنت نے شرکت کی۔ اس موقعہ پر ویڈیو لنک کے زریعے غیر ملکی فنکاروں اداکار گرنام بھلر اور اداکارہ ماہی شرما سے گفتگو کرتے ہوئے سید نور کا کہنا تھا کہ انہوں نے ہمیشہ انڈین فلموں کی پاکستان میں ریلیز کی مخالفت کی ہے۔ بھارتی فلم جب تک پاکستان میں ریلیز ہوتی رہی پاکستانی سینما کی رونقیں بحال رہیں۔ سید نور نے کہا کہ اب وہ انڈین پنجابی فلم کی پاکستان میں ریلیز کے حق میں ہیں۔ اس موقع پر سید نور نے انڈین پنجابی ہیروئن ماہی شرما کو اپنی پنجابی فلم چوڑیاں ٹو کے لئے کاسٹ کرنے کی خواہش کا اظہار کیا۔ جسے ماہی شرما نے قبول کرلیا۔ ماہی شرما نے کہا کہ سید نور صاحب آپ تیاری کریں میں حاضر ہوں۔ سید نور نے کہا کہ اگر دونوں ملکوں کے فنکار آپس میں مل کر کام کریں گے تو اس سے زیادہ فائدہ ہمارا ہوگا۔ سید نور کا کہنا تھا کہ وہ فلم “چوڑیاں ٹو” کی عکسبندی روائتی گاوں میں کرنے کی بجائے بیرون ملک جاکر کرینگے تاکہ جدت کا تڑکا لگایا جا سکے۔ جس کے لئے انہوں نے لوکیشن بھی دیکھ لی ہیں۔
25