لاہور (محمد قربان) پاکستان شوبز انڈسٹری کی معروف اداکارہ فاطمہ آفندی نے انکشاف کیا ہے کہ اب زمانہ بدل چکا ہے، آج کل لڑکیاں شادی شدہ مردوں کی طرف مائل ہو رہی ہیں۔ اداکارہ فاطمہ آفندی حال ہی میں ایک پوڈکاسٹ میں شریک ہوئیں جس میں انہوں نے کیریئر سمیت دیگر معاملات پر کھل کر اظہار خیال کیا۔ ایک سوال کے جواب میں اداکارہ نے کہا کہ آج کل میں نے بیویوں کو دیکھا ہے اگر کسی کا شوہر کسی لڑکی کی طرف مائل ہوجائے تو بیویاں اس لڑکی سے جھگڑنے پہنچ جاتی ہیں لیکن درحقیقت تو آپ کا اپنا سکہ کھوٹا ہے کیوں کہ آپ کا شوہر دودھ پیتا بچہ نہیں ہے۔ انہوں نے کہا کہ ان کیسز میں میری نظر میں عورت بھی مکمل طور پر بے قصور نہیں کیوں کہ جو میں اپنے اردگرد دیکھ رہی ہوں وہ یہ ہے کہ لڑکیاں اب شادی شدہ مردوں کو پسند کر رہی ہیں کیوں کہ شادی شدہ مرد معاشی طور پر زیادہ مضبوط ہیں۔ اداکارہ کا کہنا تھا کہ اس سب میں کہیں زیادہ سوشل میڈیا کا بھی کردار ہے کیوں کہ اب لوگ اپنے بجائے سوشل میڈیا پر دکھائی جانے والی دوسروں کی زندگیوں سے متاثر ہو رہے ہیں اور پھر وہ اس بات پر قائم ہیں کہ اب ہمیں بھی ایسی ہی زندگی چاہیے اور یہ سب دیکھ کر مجھے اپنے بچوں کیلئے ڈر لگتا ہے۔
20