لاہور (محمد قربان) بین الاقوامی شہرت یافتہ فیشن ڈیزائنر محمود بھٹی نے کہا ہے کہ ہلال امتیاز اور ستارہ امتیاز ملنے پر حکومت پاکستان کا شکریہ ادا کرتا ہوں۔ لاہور میں اپنی رہائشگاہ پر میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہنا تھا کہ بچپن میں اوقاف کے گھر میں رہتا تھا۔ اور محروم نظروں سے لوگوں کی آسائشوں سے بھرپور زندگی کو دیکھتا تھا۔ ان کا کہنا تھا کہ دنیا بھر سے اب تک دس بڑے سول اعزازات سے نوازا جا چکا ہوں۔
محمود بھٹی نے حکومت سے مطالبہ کیا کہ وہ اوورسیز پاکستانیوں کے لئے سہولیات پیدا کریں۔ ہم بڑی محنت سے پیسے کما کر پاکستان لاتے ہیں۔ لیکن یہاں ہماری جائیدادوں پر قبضہ کرلیا جاتا ہے۔ جبکہ عدالتوں سے بھی انصاف میسر نہیں آتا۔ انکا کہنا تھا کہ یتیموں کے لئے یتیم خانہ بنانا تھا لیکن جگہ پر قبضہ ہوگیا۔ ایسے اوچھے ہتھکنڈے استعمال کرنے والوں کو یہ سوچنا چاہیے کہ جب دنیا سے جائیں گے تو محلات قبروں میں ساتھ نہیں لیکر جائینگے۔موجودہ حالات دیکھ کر افسوس ہوتا ہے کہ ججوں اور عورتوں کی عزت نہیں کی جاتی۔ ہمیں اپنا سسٹم تبدیل کرنے کی ضرورت ہے۔
محمود بھٹی کا کہنا تھا ارب پتی لوگ ڈرتے ہوئے اور اسی ڈر کی وجہ سے وہ پاکستان آنا نہیں چاہتے۔ بہت سے اوورسیز پاکستان آکر کاروبار کرنا چاہتے ہیں لیکن خوفزدہ ہیں۔ ان کا کہنا تھا کہ آرمی چیف اور چیف جسٹس آف پاکستان گارنٹی دیں تو بہت سے سرمایہ کار پاکستان لیکر آؤں گا۔ جس سے ملک ترقی کی راہ پر گامزن ہوگا۔
67