لاہور (محمد قربان) اداکار فیصل قریشی کا کہنا ہے کہ ٹینشن میں رومانس کرنے کا بڑا مزہ آتا ہے۔ حال ہی میں فیصل قریشی نے مزاحیہ پروگرام ’ہنسنا منع ہے‘ میں بطور مہمان شرکت کی اور میزبان ’تابش ہاشمی‘ اور پروگرام کے شرکاء کے ساتھ دلچسپ گفتگو بھی کی۔
پروگرام کے دوران حاضرین میں موجود ایک خاتون نے جیو کے بلاک بسٹر ڈرامہ سیریل ’خئی‘ میں اداکار فیصل قریشی کی اداکاری کی خوب تعریف کی اور ان سے سوال کیا کہ جیسے ڈرامہ سیریل خئی میں مشکل صورتحال کے دوران بھی آپ رومانس کرلیتے ہیں کیا اصل زندگی میں بھی ایسا ہی ہے؟‘ اداکار نے مداح کے سوال پر دلچسپ انداز میں کہا کہ ’ٹینشن میں رومانس کرنے کا بڑا مزہ آتا ہے‘۔
فیصل قریشی نے اپنی بات کی وضاحت دیتے ہوئے مزید کہا کہ یقین کریں، ٹینشن میں رومانس کرنے کا الگ مزہ ہے، جب کوئی چیک نہیں آرہا، کچھ نہیں آرہا آپ خواہ مخواہ رومانس کئے جا رہے ہیں۔ یہ ہی صحیح ہے کیونکہ ماضی میں ایک وقت تھا جب کہتے تھے کہ سیگریٹ نوشی سے جلدی مرجاتے ہیں گوکہ سگریٹ نوشی صحیح نہیں ہے لیکن آج کے زمانے میں اسٹریس (ٹینشن یا ذہنی دباؤ) سب سے بڑا قاتل ہے۔
انہوں نے اپنے مداحوں کو مزاحیہ انداز میں نصیحت کرتے ہوئے زور دیا کہ آپ زندگی میں کسی بھی صورتحال سے گزر رہے ہوں لیکن اپنے آپ کو پریشان نہ ہونے دیں کیونکہ یہ ذہنی تناؤ ، پریشانی آج کے دور میں خاموش قاتل کی مانند ہے۔ بس خوش رہیں پریشانیاں آتی ہیں اور چلی جاتی ہیں یہ زندگی کا حصہ ہے۔
43