67

پنجاب کی رومانوی داستان ڈرامہ ”ہیر وارث شاہ“

لاہور (محمد قربان) پنجاب کی رومانوی داستان پر مبنی تھیٹر ڈرامہ ”ہیر وارث شاہ“ الحمراء میں پیش کیا گیا۔ فنکاروں کی جاندار پرفارمنس اور ہر ڈائیلاگ پر ہال تالیوں سے گونجتا رہا. ڈرامہ کے رائٹر ارشد چہل اور ڈائریکٹر عاصمہ اسماعیل بٹ ہیں۔ پاکستان فلم انڈسٹری کے سینئر ہدایتکار سید نور مہمان خصوصی تھے۔دیگر مہمانوں میں سینئر اداکار راشد محمود ،چوہدری اعجاز کامران،مفتی احتشام الدین،دردانہ رحمنٰ،میگھا،ماہم رحمنٰ ،پپی کلیار اور آفتاب انور شامل تھے۔

ڈرامہ دیکھنے کے بعد سینئر اداکار راشد محمود نے کہا کہ عاصمہ بٹ ایک محنتی اور سمجھدار خاتون ہیں۔اس ڈرامہ کی ڈائریکشن بہت ہی محنت سے دی گئی جو فنکاروں کی اداکاری سے نظر بھی آئی ہے۔میں پوری ٹیم کو اتنا اچھا کھیل پیش کرنے پر مبارکباد پیش کرتا ہوں۔اداکار راشد محمود نے کہا کہ ہیر وارث شاہ پر پہلے بھی ڈرامے دیکھے ہیں لیکن آج کا کھیل واقعی ایک زبردست کھیل ہے۔تمام فنکاروں نے بہت محنت کی۔

ڈرامے کی ڈائریکٹر عاصمہ اسماعیل بٹ نے تمام مہمانوں کا شکریہ ادا کیا اور کہا کہ آج اتنے بڑے بڑے لوگ اس ڈرامہ کو دیکھنے آئے ہیں۔اس سے میرا حوصلہ اور بڑھ گیا ہے۔ یہ ڈرامہ آل پاکستان چائنیز اوورسیز یوتھ فاؤنڈیشن اور ڈولفن کمونیکیشن کی مشترکہ کاوش تھی۔
اپنے ڈراموں سے ہمیشہ ہی اصلاحی، سماجی،تاریخی اور ثقافتی پہلوؤں کو اجاگر کرنے کی کوشش کی ہے۔ ہیر وارث شاہ ڈرامہ بھی اسی سلسلے کی ایک کڑی ہے۔ ہماری کوشش رہی ہے کہ پنجاب کی ان تاریخی شخصیات پر ڈرامہ پیش کیا جائے تاکہ ان کے بارے میں ہماری نئی نسل کو جاننے کا موقع ملے کہ ہماری ان شخصیات کا تاریخ میں کیا کردار رہا ہے۔

عاصمہ اسماعیل بٹ نے کہا کہ آج اس دور میں ایسے کھیل پیش کرنا انتہائی مشکل کام ہے اور اس کے لیے ہمیں کئی کئی دنوں تک ریہرسلز کرنا پڑتی ہیں تب جا کر ایک اچھا کھیل عوام کو دیکھنے کو ملتا ہے،ہمارے ادارے نے اس سے پہلے بھی الحمرا میں دلا بھٹی اور نقل مکانی جیسے ڈرامے پیش کئے ہیں اور آئندہ بھی وہ اپنے اس مشن کو جاری رکھیں گی۔

ڈرامے کی کاسٹ میں شامل کلیم خان ، نعیم خان، صابر شاہ ،محبوب الیاس، سپنا شاہ، سونیا خان، بابر عباس، شہزادی، شہناز، شیبا بٹ اور عمران رشدی نے اپنی پرفارمنس سے ہال میں بیٹھے لوگوں کے دل جیت لیے۔ ہیر وارث شاہ کے کھیل میں گانوں کو بھی شامل کیا گیا جس سے اس کھیل کا لطف دوبالا ہوگیا۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں

اپنا تبصرہ بھیجیں